فرید آباد،27/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) وکاس چودھری کو جمعرات کی صبح کئی گولیاں ماری گئیں۔ہریانہ کانگریس کے ترجمان وکاس چودھری کا جمعرات کی صبح فرید آبادمیں کچھ نامعلوم لوگوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔وکاس چودھری کو اس وقت 10 سے زیادہ گولیاں ماری گئیں، جب وہ جم سے ورزش کرکے باہر نکل رہے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران انہوں نے دم توڑ دیا۔وکاس چودھری حال ہی میں انڈین نیشنل لوک دل کو چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ہریانہ کانگریس کے صدر اشوک تنور نے پارٹی لیڈر وکاس چودھری کا فرید آباد میں قتل کر دیئے جانے پر ریاست میں حکمراں بی جے پی کی منوہرلال کھٹر حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ 'جنگل راج ہے۔قانون کا کوئی ڈر نہیں رہا ہے۔ اسی طرح کی واردات کل بھی ہوئی تھی، جب چھیڑچھاڑ کی مخالفت کرنے پر ایک خاتون کو چاقو ماردیا گیا تھا۔جانچ ہونی چاہیے۔